(ایجنسیز)
مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے قبلہ اول پر یہودی آباد کاروں نے ایک مرتبہ پھر دھاوا بولا اور اس مقدس مقام کی مبینہ بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی "الصفا" کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو علی الصبح سے یہودی آباد کاروں کے گروپ مسجد اقصیٰ میں داخل ہونا شروع ہوگئے تھے اور یہ سلسلہ پورا دن جاری رہا۔ مجموعی طور پر دن بھر میں کم سے کم ستر انتہا پسندیہودیوں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ پر بلوہ بولنے کے والے انتہا پسند یہودیوں کو صہیونی پولیس اور فوج نے فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔ اس موقع پر یہودی ربیوں نے دیگر انتہا پسندوں کو مسجد اقصی کی جگہ مذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیر اور اس کی ضرورت اہمیت کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔
ادھر اقصیٰ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اطلاعات محمود ابو العطاء کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ سے متصل دینی مدرسے میں سیکڑوں
طلباء اور طالبات نے یہودی آباد کاروں کی مسجد اقصیٰ میں مسلسل مداخلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہو رہے تھے تو صہیونی پولیس اہلکاروں نے وہاں پر موجود طلباء اور دیگر نمازیوں کو سخت پریشان کر رکھا تھا۔ مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے والے درجنوں فلسطینی شہریوں کے شناختی کارڈز بھی ضبط کرلیے گئے۔
ابو العطاء نے بتایا کہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے لیے سرگرم انتہا پسند تنظیموں نے پولیس ایک درخواست دی ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 14 اپریل کو یہودی عید الفصح کے موقع پر "ہیکل سلیمانی" کے ماڈل کی مسجد اقصیٰ نمائش کی اجازت فراہم کرے اور نمائش کے موقع پر کم سے کم 100 یہودیوں کو وہاں پر جمع ہونے کی اجازت کے ساتھ ساتھ ان کی سیکیورٹی کا ابھی مکمل انتظام کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ صہیونی پولیس نے انتہا پسندوں کی دی گئی درخواست مسترد نہیں بلکہ اس پر غور شروع کیا ہے۔